• news

عوام اور میڈیا کے تعاون سے بدعنوانی پر قابو پا سکتے ہیں: چیئرمین نیب

اسلام آباد (این این آئی) چیئرمین نیب قمر زمان چودھری نے کہا ہے کہ نیب نے بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے 278ارب روپے برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے ٗنیب کی انسداد بدعنوانی حکمت عملی کے مثبت نتائج آئے ہیں ٗ میڈیا، سول سوسائٹی اور تمام متعلقہ فریقوں کے تعاون اور مشترکہ کوششوں سے بدعنوانی پر قابو پایا جا سکتا ہے ٗنیب کی بدعنوانی سے آگاہی اور تدارک مہم 2016 ء میں بھی جاری رہے گی۔ وہ بدھ کو قومی احتساب بیورو کی 3روزہ اکیسویں ڈائریکٹر جنرل کانفرنس کے دوسرے روز خطاب کررہے تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل آپریشنل نے نیب کے آپریشنل طریقہ کار پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 2013ء میں نیب کو 18ہزار 892، 2014ء میں 19ہزار 989اور2015ء میں 30ہزار4 اور 30ستمبر 2016ء تک 25ہزار 470 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ شکایات میں اضافہ سے نیب پر عوام کا اعتماد ظاہر ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشنل طریقہ کار کے تحت تمام شکایات/ مقدمات تیزی سے مقررہ مدت کے اندر میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر نمٹائے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں تجویز دی گئی کہ قبضہ میں لی گئی اراضی کے حوالے سے فیصلہ کرنے کے لئے علاقائی بیورو یا نیب ہیڈکوارٹر کی سطح پر ایسٹ مینجمنٹ اینڈ ٹریسنگ سیل (اے ایم ٹی سی) قائم کیا جائے ٗ بڑے پیمانے پر عوام کو دھوکہ دہی کے میگا کیسز میں تصدیق اور کلیمز کی تقسیم کیلئے نیب ہیڈ کوارٹر کی سطح پر ایک سیل قائم کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن