• news

پانامہ لیکس: احتساب سے توجہ ہٹانے کیلئے مسئلہ کشمیر پر سیاست ہو رہی ہے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ ایکشن پلان کی دستاویز کے ساتھ حکومت نے 18 ماہ شرمناک سلوک کیا۔ نیا ٹائم فریم نیا دھوکہ ہے حکمران دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن معرکہ نہیں چاہتے۔ مسئلہ کشمیر پر بھی سیاست ہو رہی ہے جس کا مقصد پانامہ لیکس کے احتساب اور سانحہ ماڈل ٹائون کے قصاص سے توجہ ہٹانا ہے۔ وزیراعظم کا کردار سوالیہ ہے۔ ہزارہ کمیونٹی کی خواتین کی ٹارگٹ کلنگ قابل مذمت اور حکومت کی نااہلی ہے۔ کرپٹ اور بے گناہوں کے قاتل حکمران ملکی مفاد کا تحفظ نہیں کر سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران سے ٹیلیفون پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے قصاص سے کم پر کوئی بات نہیں ہو گی۔ ہم شہدائے ماڈل ٹائون کو انصاف دلوانے کیلئے تمام قانونی ذرائع اختیار کر رہے ہیں۔ حکومت سے تمام تر اختلافات کے باوجود ایکشن پلان کے قومی ایجنڈے کو سپورٹ کیا۔ حکمرانوں نے اس قومی اتفاق رائے کا مذاق اڑایا اور اس قومی ڈاکومنٹ کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔ حکمران قومی ایکشن پلان کی شقوں پر عملدرآمد کے ٹائم فریم کی باتیں کر کے قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کے نتیجے میں برسراقتدار آئی یہ کبھی بھی دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی نہیں کرینگے۔ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن نے قوم کو امن نصاب دیا۔ حکمرانوں کی ترجیحات میں ملکی بقائ، پائیدار امن کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ نہیں انہیں صرف اپنی سیاست، کرسی اور میگا کرپشن عزیز ہے۔

ای پیپر-دی نیشن