کشمیر پر سمجھوتہ نا ممکن :خورشید شاہ+ ایٹم بم صندوق میں رکھنے کیلئے نہیں :فضل الرحمن +حکومت روڈ میپ دے :سراج الحق
اسلام آباد + لاہور (وقائع نگار خصوصی+ خبرنگار خصوصی+ خصوصی نامہ نگار+ نیوز ایجنسیاں) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آخری فتح کشمیر کی ہو گی، دنیا تبدیل ہورہی ہے۔ بھارت کی اس کمزروی کا پاکستان کو عالمی برادری پر دبائو ڈالنا چاہئے اور اسے جگانا چاہئے۔ ہم کشمیر کے لئے حکومت کے ساتھ ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی ہر قیمت پر کشمیر کی آواز بلند کرتی رہے گی کشمیر پر کسی کو سودا بازی کرنے نہیں دی جائے گی‘ میرے لیڈر بلاول بھٹو زرداری نے بھی تعریف کی کہ لکھنے والوں نے وزیر اعظم کو اچھی تقریر لکھ کر دی۔ پاکستان کی سالمیت اور مسئلہ کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے 5 ممالک نے سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار کر دیا۔ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنا عمران خان کا اپنا فیصلہ ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ قومی مفاد میں سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر جمع ہوئے ہیں۔ یہ اجلاس سیاسی اور جمہوری پختگی کا ثبوت ہے، ذاتی اختلافات اپنی جگہ، سرحدوں کے دفاع کیلئے سیسہ پلائی دیوار ہیں۔ یہ بھارتی حکمرانوں کیلئے واضح پیغام ہے۔ کشمیر کی آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے۔ وزیراعظم نے بلایا ہے ہم حاضر ہیں، حکومت ہمیں کشمیر پر روڈ میپ دے، معجزات تب رونما ہوتے ہیں جب ممالک کو اچھی قیادت ملتی ہے۔ بعدازاں سراج الحق نے کہا کہ میں پاکستانی عوام کی طرف سے کشمیریوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم آزادی کی منزل کے حصول تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے۔ سراج الحق نے کا ہے کہ مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے معاملے پر ہم سب ایک ہیں لیکن کوئی غلط فہمی میں نہ رہے‘ پانامہ لیکس اور کرپشن کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔ اپنے خطاب میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیراور پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ اور دنیا کا ضمیر جنجھوڑنا پڑے گا، پورا پاکستان مسئلہ کشمیر اور بھارتی جارحیت کے خلاف وزیراعظم کے شانہ بشانہ ہے۔ کشمیر پر دنیا کا ضمیر خراٹے مار رہا ہے اس کو ابھی تک جھنجوڑنے میں ناکام رہے ہیں، بھارت سے تصادم ہوا اور ضرورت پڑی تو پاکستان ایٹم بم استعمال کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔ یہ صندوق میں بند کرکے رکھنے کے لئے نہیں بنایا۔ بعدازاں مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ جبکہ فاٹا ہمارا اندرونی حصہ ہے ‘ دونوں کا موازنہ کسی صورت درست نہیں ‘ میرا قومی اسمبلی میں بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ‘ فاٹا اصلاحات رپورٹ میں غلط اعداد و شمار پیش کئے گئے تھے ‘ اسمبلی میں نہیں بولیں گے تو کہاں بولیں گے۔ مجھ پر تنقید کرنے والے قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنا چاہتے ہیں۔ میں نے وزیر اعظم سے بات کی اور اسمبلی میں فاٹا اصلاحات رپورٹ میں غلط اعداد و شمار پیش کئے گئے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کشمیرکے حساس معاملے کے موقع پر فاٹا اصلاحات کی رپورٹ کس کے اشارے پر پیش کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق ستارنے کہا کہ بھارت کا جنگی جنون پورے خطے کو متاثر کرے گا،عالمی برادری کو باورکرائیں گے تو مسئلہ کشمیر حل ہو گا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء حاجی غلام احمد بلور نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ پاک بھارت جنگ نہیں ہوگی۔مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت میز پر آمنے سامنے بیٹھیں۔ تین تین آپشنز دیں۔ ان پر بات چیت کریں مسئلہ کشمیر ایک ہفتہ میں حل ہو جائے گا۔ قومی وطن پارٹی کے صدر آفتاب احمد شیر پائو نے کہا کہ اجلاس تاخیر سے طلب کیا گیا حکومت کی بھارت کی جارحیت کے خلاف سپورٹ کرتے ہیں بھارت کے عزائم کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ ان کا منہ توڑ جواب دینا چاہئے۔