• news

ایک طرف پٹیشن دائر، دوسری جانب پی ٹی آئی اسلام آباد بند کرنے کی بات کر رہی ہے: لیگی رہنما

اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے رہنمائوں محمد زبیر، دانیال عزیز اور طلال چودھری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف ایک طرف پٹیشن دائر کر رہی ہے اور دوسری طرف اسلام آباد بند کرنے کی بات کر رہی ہے، عمران خان بتائیں کونسا ایسا ادارہ ہے جس نے اپنا کام نہیں کیا، خان صاحب سے پوچھا جائے سپریم کورٹ نے انہیں کیا جواب دیا ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف کا نام پانامہ لیکس میں نہیں ہے، آئی سی ٹی جے نے تسلیم کیا کہ ان کی خبر درست نہیں ہے، ہم نے آئی سی ٹی جے کو خط لکھا، پھر انہوں نے اپنی غلطیاں درست کیں۔ وزیر مملکت نجکاری محمد زبیر نے کہا ہم پر الزامات کی بوچھاڑ کرنے والے ہمارے ایک سوال کا جواب بھی نہیں دیتے، ہر روز اداروں کی تضحیک کرنا انتہائی نامناسب ہے، عمران خان بتائیں کہ ایف بی آر اور الیکشن کمشن نے کیا کرنا تھا اور کیا نہیں۔ دانیال عزیز نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکن آئی سی ٹی جے کی ویب سائٹ دیکھیں، اس کے بعد عمران خان کے دعووں کا فیصلہ کریں۔ آئی سی ٹی جے اپنی ویب سائٹ سے وزیراعظم کا نام نکال دیا، ہم نے آئی سی ٹی جے کو خط لکھا تھذا کہ انہوں نے اپنی غلطی تسلیم کی ہے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ پانامہ پیپرز کا پہلا ٹائٹل ’’اٹیک آن پاکستان‘‘ تھا، معاملے کو سنسنی خیز بنانے کیلئے اسے لیکس کا نام دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مواد ادھر ادھر سے اکٹھا کیا گیا پھر تو یہ عام خبر ہوئی۔وزیر قانون رانا ثنا نے کہا ہے کہ عمران خان کا نام یوٹرن خان ہونا چاہیے ان کے تمام ڈرامے بھارتی سرکارمودی کے ڈراموں کی طرح فلاپ ہو گئے پاگل خان الٹی سیدھی باتیں کر کے اب قوم کو بیوقوف نہیں بنا سکتے، پی ٹی آئی والے اب سمجھ جائیں عمران خان کی جگہ اب لاہور کے پاگل خانے میں ہے، علاج پر اٹھنے والے تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کرنے کے لیے تیار ہوں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا عمران کی جذباتیت پی ٹی آئی کو حادثے سے دوچار کر دے گی۔ اسلام آباد کی بندش کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی مصدق ملک نے کہا ہے عمران ترقی کا عمل سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں ان کی ہوس اقتدار نے جمہوریت کو دائو پر لگا دیا۔

ای پیپر-دی نیشن