• news

بھارت نے راجستھان میں 22علاقے خالی کرالئے :سرجیکل سٹرائیکس کا ثبوت مانگنے والے غدار ہیں:پاریکر

تتہ پانی/ نئی دہلی (نامہ نگار+ ایجنسیاں) کنٹرول لائن پر تتہ پانی دروشیر خان، گوئی سیکٹرز پر بھارتی فوج کی بلااشتعال شدید گولہ باری سے سویلین آبادی کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ تین خواتین سمیت 6 افراد شدید زخمی، درجنوں مویشی ہلاک ہوئے، درجنوں مکانات تباہ ہوئے جبکہ عوام گھروں میں محصو ہو کر رہ گئے۔ مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا، ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی۔ پاک فوج کی موثر جوابی کارروائی سے دشمن کی توپیں خاموش ہو گئیں۔ شدید گولہ باری تقریباً دو گھنٹے تک مسلسل جبکہ بعدازاں رات گئے تک وقفے وقفے سے جاری رہی۔ گولہ باری کے باعث ان علاقوں میں جنگ کا سماں تھا۔ ان علاقوں میں برقی و مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ دریں اثناء سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر نے ڈڈھیال سیکٹر میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور فوج کے جوانوں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سرجیکل سٹرائیکس کے ڈرامے پر عالمی سطح پر خفت سے بچنے کیلئے کنٹرول لائن پر گولہ باری کر رہا ہے، کشمیری اور پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دوسری طرف جنگی جنون میں پاگل ہوئے بھارت نے ریاست راجستھان میں 22 علاقے خالی کرا لئے جبکہ دوہزار سے زائد خندقیں بھی کھود لیں۔ جام نگر اور کچھ کے علاقوں میں بھارتی نیوی کی سرگرمیوں کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ بھارتی آرمی، نیوی اور ایئر فورس کا مشترکہ آپریشن بھی تشکیل دے دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج نے ٹینک اور میزائل بٹالین کو بھی علاقے میں اتار دیا، 200 سے زائد میزائل بردار ٹینکوں کے ساتھ ساتھ جیسلمیر باڑمیر کے علاقوں میںبھارتی افواج نے اپنے ذخیروں کو محفوظ بنانے کے لئے زیر زمین سیف ہائوسز کی نگرانی کا کام سپیشل کمانڈوز کے سپرد کر دیا ہے جبکہ راجستھان میں اگلے چند دنوں میں ایک لاکھ سے زائد فوج کو لانے کی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔ باڑ میر پر راج باہنی کو لگانے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ جام نگر اور کچھ کے علاقوں میں بھارتی نیوی کی سرگرمیوں کی بھی اطلاعات ہیں۔ بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا ہے کہ سرجیکل سٹرائیک 100 فیصد درست تھی اور ہمیں اس کا ثبوت دینے کی کوئی ضرورت ہی نہیں۔ ثبوت مانگنے والے غدار ہیں۔ بی جے پی کی جانب سے منعقدہ تقریب کے دوران انہوں نے کہاکہ اڑی حملے کے بعد انہیں کئی سابق فوجیوں کے خطوط ملے جن میں انہوں نے جنگ کی صورت میں ایل او سی پر تعیناتی کی درخواست کی۔ وہ ان لوگوں کے جذبات کا احترام کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی بہادری ہمیشہ کسی بھی قسم کے شک و شبہ سے بالاتر رہی ہے لیکن پہلی مرتبہ کچھ لوگ اس پر سوال اٹھارہے ہیں اور ہمیں ان کے نام لینے کی ضرورت نہیں۔ بھارتی فوج کا سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ 100 فیصد درست ہے ہمیں اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی وڈیو جاری کرنے کی ضرورت نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن