مسئلہ کشمیر کا جلد حل وقت کا تقاضا،بھارتی مظالم کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائے:ملیحہ لودھی
واشنگٹن (آن لائن) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا جلد ازجلد حل وقت کا تقاضا ہے،عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرائے، دنیا سے اخلاقی حمایت حاصل کرنا کشمیریوں کا حق ہے۔ پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں مظالم کے ساتھ خطے میں کشیدگی بڑھا رہا ہے۔ بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت کے بارے میں سلامتی کونسل کی قراردادوں سے مسلسل انحراف کررہا ہے، مسئلہ کشمیرعوام کی امنگوں کے مطابق آزادانہ رائے شماری سے حل ہونا چاہیے۔ تنازعہ کشمیر کا جلد ازجلد حل وقت کا تقاضا ہے جب کہ کشمیریوں کا حق ہے کہ عالمی برادری ان کی اخلاقی اور سیاسی حمایت کرے۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ ان کا کہنا تھا بھارتی فوج کی کارروائیوں سے علاقائی امن کو شدید خطرہ ہے۔ ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنربرائے انسانی حقوق کی غیر مشروط رسائی دینے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت چند ہفتوں سے کنٹرول لائن پر مسلسل گولہ باری کررہا ہے ، بھارت کو کشیدگی میں کمی کیلئے پہلا قدم اٹھانا چاہیے جب کہ پاکستان بھارت کے اشتعال انگیزی کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو بھی آزادانہ کام نہیں کرنے دے رہا لیکن پاکستان عوام کے مفاد میں نتیجہ خیزمذاکرات کیلئے تیار ہے۔