بینظیر انکم سپورٹ کا وسیلہ تعلیم پروگرام احسن اقدام ہے: صدر ممنون
اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ضرورت مند افراد کی بہتری اور ان کی معاشی حالت بہتر کرنے کے لیے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان کی خواتین کے حالات بہتر اور ان کو معاشرے میں جائز مقام دلانے کے لیے بی آئی ایس پی جیسے پروگراموں کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے ایوان صدر میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کہی جس میں چیئرپرسن نے اپنے ادارے کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ صدر مملکت کو پیش کی اور ادارے کی کارکردگی کے متعلق آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے اطمینان کا اظہار کیا کہ گزشتہ تین سالوں سے حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر خاص توجہ دے رہی ہے اور اس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا وسیلہ تعلیم پروگرام جو پرائمری بچوں کی تعلیم کے فروغ کیلئے ضرورت مند خاندانوں کی مالی امداد کی صورت میں ہے، ایک احسن اقدام ہے۔ اس موقع پر چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ماروی میمن نے کہاکہ ان کا ادارہ 53 لاکھ سے زائد خاندانوں کو سہ ماہی وظائف فراہم کرتا ہے۔ علاوہ ازیں صدر مملکت ممنون حسین کی سربراہی میں قائم کردہ وفاقی حکومت آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کی سٹیرنگ کمیٹی کے ایوان صدر میں منعقدہ پانچویں اجلاس میں 34 ضرورت مند فنکاروں کیلئے 90لاکھ روپے سے زائد گرانٹ کی منظوری دی ہے جو تمام صوبوں سے نمائندگی کرنیوالے فنکاروں میں تقسیم کی جائیگی۔ صدر مملکت نے اس موقع پرکہا کہ فنکار ہمارا اثاثہ ہیں، وہ ملک اور بیروں ملک پاکستانی کلچراور پاکستان کا سافٹ امیج متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کر تے ہیں اس لیے فنکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے حکومت نے کمیٹی بنائی ہے تاکہ ان کے مالی مسائل کا حل تلاش کیا جا سکے اور ضرورت مند فنکاروں اور اداکاروں کی بروقت اور بلاتفریق مدد کی جا سکے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ حکومت فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ ہے۔