کر اچی :جماعت اہلسنت کے سربراہ ممتاز عالم دین علامہ شاہ تراب الحق انتقال کرگئے
کراچی +لاہور(سٹاف رپورٹر+خصوصی نامہ نگار)جماعت اہلسنّت کے سربراہ و ممتاز عالم دین علامہ سید شاہ تراب الحق قادری طویل علالت کے بعد 72 سال کی عمر میںانتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ بولٹن مارکیٹ میں اداکی جائے گی۔ تدفین کھارادر،کھوڑی گارڈن علامہ قاری محمد مصلح الدین صدیقی کے پہلو میں ہوگی۔ مرحوم کے سوگواران میں تین صاحبزادے، پانچ صاحبزادیاں اور کثیر تعداد میں مریدین و معتقدین شامل ہیں۔ وہ 15 ستمبر1944ء کو ہندوستان کے شہر حیدرآباد دکن میں پیدا ہوئے۔ 1951ء میں پاکستان آنے کے بعد دارالعلوم امجدیہ کراچی سے درسِ نظامی کیا۔ 1985ء میںکھارادر سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے کونسلر، انٹر میڈیٹ بوڑد کراچی کے رکن، رکن مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے علاوہ کراچی کے بے شمار مدارس و مساجد اور دینی و ملّی انجمنوں کے سرپرست اور ٹرسٹی رہے۔ تحریک ختم نبوت اور تحریک نظامِ مصطفی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ دین کی تبلیغ و اشاعت کے لئے عرب امارات، ہالینڈ، جرمنی، بلجیئم، امریکہ، ساؤتھ افریقہ، چین سمیت دیگر ممالک کے دورے کئے۔ علالت تک میمن مسجد مصلح الدین گارڈن میں بھی خطابت کے فرائض انجام دیتے رہے۔ مرحوم نے کئی کتابیں تصنیف کیں۔ ان کے انتقال پر صدر، وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، مفتی منیب الرحمٰن،سرج الحق،لیاقت بلوچ ،صاحبزادہ محمد زبیر،ڈاکٹر اشرف آصف،ثروت قادری،علامہ خادم رضوی،پیر افضل قاردی،پیر اعجاز اشرفی،علامہ مجاہد عبدالرسول،عبداللہ حسین ہارون و دیگر نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی دین کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔