• news

؎ ملتان زون نے آرمی کرکٹ چیمپئن شپ جیت لی

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) 7 ویں آرمی کرکٹ چیمپئن شپ 2016ء ملتان زون نے جیت کر ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا۔ فائنل میں ملتان زون کی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں پر 276 رنز سکور کیے۔ میکداد نے 81، ناصر نے 50، نوید نے 31 رنز سکور کیے۔ کراچی زون کے مظفر اقبال نے تین، عبدالماجد اور شاہد علی نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ 277 رنز کے تعاقب میں کراچی زون کی ٹیم 121 کے سکور پر ڈھیر ہو گئی۔ صابر حسین 23 اور شان علی 22 رنز کے ساتھ نمایاں سکورر رہے۔ خادم جان نے 36 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ مہمان خصوصی کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے ملتان ٹیم کے کپتان کو ٹرافی انعام میں دی جبکہ اس موقع پر میجر جنرل فدا حسین نے چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے دیگر کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کا کہنا تھا کہ کھیلیں ہمیں زندگی میں نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا سکھاتی ہے جبکہ مجھے فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ملتان کی ٹیم کو ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن