دھرنا: عمران ملک گیر دورے کریں گے: عوام‘ تنصیبات کا تحفظ کیا جائے: وزیراعظم
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) حکومت نے پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں دھرنے کے اعلان پر حکمت عملی بنانی شروع کردی۔ نجی ٹی وی کے مطابق سیاسی اور انتظامی حکمت عملی پر مشاورت شروع کر دی گئی ہے۔ وزیراعظم نے وزیرداخلہ کو ہدایت کی ہے اسلام آباد میں سکیورٹی کا فول پروف پلان بنایا جائے۔ عوام اور سرکاری تنصیبات کا تحفظ پہلی ترجیح ہونی چاہئے۔ احتجاج کے نام پر نظام زندگی اور سرکاری کام مفلوج نہیں ہونا چاہئیں۔ وزارت داخلہ پنجاب حکومت سے بھی مشاورت کرے گی۔ احتجاج کیلئے مخصوص مقامات مختص کرنے کی انتظامی حکمت عملی پر بھی غور جاری ہے۔ مظاہرین کو ریڈزون میں داخلے سے روکنے کیلئے اقدامات بھی پلان میں شامل ہونگے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد دھرنے کو کامیاب بنانے کیلئے عوامی رابطہ مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان عاشورہ کے بعد ملک بھر کا دورہ کریں گے۔ پہلے مرحلے میں پنجاب اور خیبر پی کے کا دورہ کیا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں سندھ‘ بلوچستان اور گلگت بلتستان جائیں گے۔ عمران خان اضلاع اور ریجنل ہیڈکوارٹرز میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔