• news

پاکستان2013ء سے زیادہ محفوظ، معاشی طور پر مضبوط ہے، مخالفین کے پراپیگنڈا کی پروا نہیں، خدمت جاری رکھیں گے: نوازشریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم میاں محمد نوازشر یف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، ضرب عضب آپریشن جاری ہے‘ سی پیک منصوبے سے خطے میں انتہاپسندی‘ غر بت اور بے روزگاری بھی ختم ہوگی‘ سی پیک ملک اور خطے کیلئے ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے جس سے ملک میں معاشی انقلاب آئیگا‘ سی پیک کے تحت چاروں صوبوں میں کام جاری ہے ذاتی طور پر منصوبوں کی نگرا نی کر رہا ہوں‘ 2013ء کے مقابلے میں پاکستان معاشی طورپرآج زیادہ مضبوط اور محفوظ ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو معاشی طور پر بھی درست سمت میں ڈال دیا ہے۔ ہر صورت بجلی کی قلت کو 2018ء تک ختم کیا جائیگا، 37 ارب ڈالرزصرف بجلی کے منصوبوں پر خر چ ہو رہے ہیں، قوم کو سستی بجلی بھی سستی ملے گی‘ سر مایہ کاری کے فروغ کیلئے بنیادی اصلاحات کی گئیں ہیں‘ کاروبار نظام جتنا آسان ہوگا سرمایہ کاری بھی اتنی زیادہ ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم مخالفین کے پراپیگنڈا کو خاطر میں لائے بغیر ملک کی خدمت جاری رکھیں گے۔ وہ ہفتے کے روز گورنر ہائوس لاہور میں تاجروں کے وفود سے گفتگو اور بجلی کے منصوبوں کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر گور نر محمد رفیق رجوانہ‘ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف‘ وفاقی وزراء اسحاق ڈار‘ احسن اقبال‘ وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب میں بجلی کے منصوبوں کے حوالے سے کیے جانیوالے اقدامات اور آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ تاجروں اور صنعتکاروں کی جانب سے وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے کیے جانیوالے اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مطالبات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے انکو مسائل کے مکمل حل کی یقین دہانی کرواتے ہوئے ہم ملک میں کاروباری طبقے کیلئے کام کر نے کو زیادہ سے زیادہ آسان بننا چاہتے ہیں کیونکہ کاروبار جتنا آسان ہوگا ملک اور بیرون ملک سے اتنی زیادہ سر مایہ کاری ہوگی اور ملک بھی مضبو ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم اقتدار میں آئے اس وقت ملک کی معاشی پوزیشن پوری قوم کے سامنے ہیں مگر آج پاکستان ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط اور خوشحال ہورہا ہے اور عام آدمی کی زندگی میں بھی ترقی اور خوشحالی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے ایک گیم چینجر ہے چین کا 46 ارب ڈالرز سے زائد کا یہ منصوبہ پاکستان سے بھی دوستی کا ثبوت ہے۔ سی پیک کے تحت گودار سی پورٹ اور ایئرپورٹ بھی بن رہا ہے اور اس سے پاکستان کی بھی قسمت بدل جائیگی اور اس سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برداری کے مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادی پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر تاجروں نے سمگلنگ کی روک تھام اور ٹیکس میں کمی کیلئے اقدمات کرنے کا مطالبہ کیا جس پر وزیراعظم نے انکو تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے ہدایات جاری کیں کہ بجلی کے منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام کی گورنر ہائوس میں موجودگی کے باعث مال روڈ اور اس سے ملحقہ شاہراہوں پر سکیورٹی انتہائی سخت رہی، ایلیٹ فورس کی گاڑیاں گورنر ہائوس کے باہر اور اطراف میں پیٹرولنگ کرتی رہیں۔ تفصیلات کے مطابق گورنر ہائوس لاہور میں وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف، وفاقی وزرا ء اسحاق ڈار، خواجہ آصف، احسن اقبال، خرم دستگیر خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام شروع ہوئے۔ وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام کی گورنر ہائوس میں موجودگی کے باعث سکیورٹی انتہائی سخت رکھی گئی۔ پولیس کے علاوہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درجنوں اہلکار حفاظتی ڈیوٹی پر تعینات رہے۔ ایلیٹ فورس کی گاڑیاں گورنر کے باہر اور اطراف میں پیٹرولنگ کرتی رہیں۔ اس دوران پولیس کے اعلیٰ افسران خود بھی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔

ای پیپر-دی نیشن