حکومت آئی ڈی پیز کے ساتھ زلزلہ متاثرین جیسا سلوک نہ کرے: طاہر القادری
لاہور (این این آئی) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ فاٹا اور وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے ساتھ حکمران وہ رویہ اختیارکرنے سے باز رہیں جو 8 اکتوبر کے قیامت خیز زلزلہ متاثرین کے ساتھ روا رکھا گیا۔ زلزلہ متاثرین سے آنے والی اربوں ڈالر کی امداد میں خورد برد ہوئی اور متاثرین کو حالات کے رحم کرم پر چھوڑا گیا، 11 سال گزر جانے کے بعد بھی مظفرآباد، باغ، راولا کوٹ، بالاکوٹ، مانسہرہ، شانگلہ میں متاثرین زلزلہ کے ساتھ حکومت نے جو وعدے کیے تھے وہ پورے نہیں ہوئے۔ گزشتہ روز انہوں نے مرکزی رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر نے اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین زلزلہ کی بحالی، میڈیکل ایڈ اور خوراک کی فراہمی کے منصوبہ پر کروڑوں خرچ کئے۔ ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے مگر افسوس پاکستان میں قدرتی آفات کے شکار شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ کرپشن کے زہر نے ہر شعبہ کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا ہے۔