عدالتیں اور وکلا بنیادی حقوق کے تحفظ، انصاف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں: جسٹس منصور
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) چیف جسٹس ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ نے حکومت پنجاب کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں لاہور ہائی کورٹ اور ضلعی عدلیہ کے مالی امور اور انتظامی امور سمیت عدلیہ سے متعلق دیگر معاملات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ علاوہ ازیں جسٹس سید منصور علی شاہ سے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشنز ملتان اور بہاولپور کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔ وکلاء رہنماؤں نے جنوبی پنجاب میں عدالت عالیہ کی ایک سو پچاس سالہ تقریبات منانے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ چیف جسٹس نے عدالت عالیہ لاہور اور تینوں علاقائی بنچوں پر ایک سو پچاس سالہ تقریبات کو شایان شان طریقہ سے منایا جائے گا اور پیغام دیا جائے گا کہ عدالتیں اور وکلاء صوبے کی عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔