• news

متعصب بھارتی میڈیا کو فواد خان کا بیان پسند نہ آیا‘ پاکستان ہمیشہ مقدم ہے: ماہرہ خان

ممبئی + کراچی (نیوزڈیسک) متعصب بھارتی شہریوں اور میڈیا کو ممبئی کی فلم نگری میں کام کرنے والے پاکستانی اداکار فوادخان کا حالیہ سرحدی کشیدگی پر محتاط ردعمل پسند نہیں آیا اور تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق فوادخان نے کھل کر اوڑی حملے کی مذمت نہیں کی بلکہ نپے تلے بیان سے کام لیا تاکہ ان کے اپنے ملک میں ان کی مقبولیت متاثر نہ ہو جائے۔ فیس بک پر ایک دل جلے بھارتی نے لکھا فواد لاکھوں بھارتی باشندوں نے تمہیں محبت اور اپنائیت دی اور تم نے کیا کیا؟ کھل کر اوڑی حملے کی مذمت کرنا بھی گوارہ نہیں کی۔ دوسری طرف بھارتی فلم ’’رئیس‘‘ میں اداکار شاہ رخ کے ساتھ کردار ادا کرنے والی پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے فواد خان کی نسبت کھل کر وطن عزیز کے حق میں بیان دیا ہے۔ ماہرہ نے فیس بک پر لکھا میںنے ہمیشہ پاکستان کے وقار کو سب سے پہلے رکھا ہے۔ اداکاری کے 5 سالوں میں میں نے اپنے پروفیشنل ازم سے ہر جگہ پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرنے کی پوری کوشش کی ہے کہ میں اپنے ملک کی عزت پر حرف نہ آنے دوں۔ انہوں نے آگے لکھا میں پاکستان اور اس دنیا کی رہائشی کے طورپر دہشت گردی کے ہر واقعہ کی مذمت کرتی ہوں۔ خونریزی اور جنگ پر خوش نہیں ہونگی۔ ہر کسی سے گزارش ہے کہ وہ پُرامن دنیا کا خواب دیکھے۔ دریں اثنا بھارتی فلموں کی موٹی اور نام نہاد مسلمان ہدایتکارہ فرح خان نے جس نے ایک ہندو ٹیکنیشن سے شادی کی ہے نے بھارتی فلموں میں پاکستانی فنکاروںکے کام کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فلموں میں بھارتی ٹیلنٹ کو جگہ ملنی چاہئے۔ بھارتی فنکار بہت باصلاحیت ہیں۔ میں ہمیشہ انہیں ہی ترجیحاً اپنی فلموںمیں کاسٹ کرتی ہوں۔ علاوہ ازیں اداکار اجے دیوگن جو آجکل وزیراعظم نریندر مودی کے چمچے بنے ہوئے ہیں نے گزشتہ روز مودی کو خوش کرنے کیلئے کہا تھا کہ وہ پاکستانی فنکاروںکے ساتھ فلموںمیں کام نہیں کریں گے۔ ان کی اداکارہ بیوی کاجل نے بھی شوہر کے بیان کی تائید کر دی اور کہا کہ پاکستانی فنکاروں کے حوالے سے واضح مؤقف اپنانے پر انہیں اجے دیوگن پر فخر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن