• news

آرمی چیف اگلے مورچوں پر پہنچ گئے، جوانوں سے ملاقات، تیاریوں کا جائزہ ، اظہار اطمینان

راولپنڈی (بی بی سی + اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اتوار کے روز لائن آف کنٹرول کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کنٹرول لائن کے حاجی پیر سیکٹر پر مورچوںکا دورہ کیا۔ لائن آف کنٹرول پر 10 کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ مقامی کمانڈروں نے فوج کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جوانوں سے اپنے خطاب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لائن آف کنٹرول پر نگرانی کے مؤثر نظام اور فوج کی تیاریوں پر اظہار اطمینان کیا جبکہ اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے بلند حوصلوں کی تعریف کی۔ واضح رہے کہ ایک ہفتے کے دوران آرمی چیف کا کشمیر کا یہ دوسرادورہ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے ’’سٹرائیک کور‘‘ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا تھا جو منگلا کے مقام پر واقع ہے اور اسے ’’کوراول‘‘ کہا جاتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن