• news

افغانستان میں آپریشن، سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کا ماسٹر مائنڈ قاری اجمل مارا گیا

پشاور/ وانا (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز+اے پی پی ) افغان صوبہ پکتیکا میں امریکی اور افغان سپیشل فورسز کے آپریشن کے دوران لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کا ماسٹر مائنڈ قاری اجمل مارا گیا۔ 3طالبان کمانڈروں اور پولیس حکام نے تصدیق کرتے کہا اورگون میں قاری اجمل کو مارا گیا۔ قاری اجمل پاکستان کو مطلوب اور 2009ء میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر ہونے والے حملے کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے۔ آپریشن کے دوران کمانڈر نصیر وزیر کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔ قاری اجمل لشکر جھنگوی پنجاب کا اہم کمانڈر تھا۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم حملے کے بعد وزیرستان آکر طالبان حکیم اللہ گروپ میں شامل ہو گیا تھا نصیر وزیر تحریک طالبان وزیرستان حکیم اللہ گروپ کا اہم کمانڈر ہے جس کو سروبی میں آپریشن کے دوران 2ساتھیوں سمیت پکڑ کر لیا گیا۔ قاری اجمل کا تعلق پنجاب سے تھا ۔ صوبائی پولیس چیف جنرل خلیل ظائی نے آپریشن کی تصدیق کرتے کہا ایک شدت پسند مارا گیا اور 3پکڑ لئے، امریکی کمانڈر چارلس کلولینڈ نے کارروائی کی تصدیق کی لیکن یہ نہیں بتایا کون مارا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن