قومی سینئر ہاکی ٹیم نے جونیئر کو 4-1 سے ہرا کر سیریز جیت لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشین چیمپئنز ٹرافی اور سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے پاکستان سینئر اور جونیئر ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں سینئر ٹیم نے جونیئر کو چار ایک سے شکست دیکر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔ جوہر ہاکی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں سینئر ٹیم نے جونیئر کے خلاف میچ کے پہلے ہی منٹ میں گول کر کے جونیئر کھلاڑیوں کو انڈر پریشر کر دیا۔ سینئر ٹیم کی جانب سے علیم بلال پنلٹی کارنر پر دو جبکہ تصور عباس اور اعجاز احمد نے ایک ایک گول سکور کیا۔ اس میچ کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ پنجاب ذوالفقار احمد گھمن تھے، اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر، ڈائریکٹر ڈومیسٹک افیئرز اولمپیئن نوید عالم سمیت اولمپیئنز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔