خیبر ایجنسی‘ بمباری‘ 7 دہشت گرد ہلاک‘ باجوڑ لیویز کی گاڑی کے قریب دھماکہ‘ دو اہلکار زخمی
خیبر ایجنسی+ کوئٹہ+ باجوڑ ایجنسی + لاہور (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ بمباری سے دہشت گردوں کے 3 ٹھکانے اور اسلحہ بھی تباہ ہو گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا جبکہ ایف سی اور حساس اداروں کی کارروائی میں سبی کے علاقہ لہڑی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا جبکہ باجوڑ ایجنسی کے علاقے گڑی گال خورد میں لیویز کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔ ایف سی اور حساس اداروں کے کوئٹہ کے علاقے لہڑی میں کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا، کارروائی کے دوران فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جبکہ صوابی میں 2 ازبک باشندوں کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ ملزم کالعدم تنطیم سے تعلق رکھتا تھا، اس کے قبضہ سے ایک مشین گن اور 2 کلو دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ دوسری جانب ایف سی نے سریاب کے علاقے خلجی کالونی اور چاندنی چوک میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 8 مشتبہ افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا جبکہ مچھ سے بھی کالعدم تنظیم کے دو افراد گرفتار کرکے انکے قبضے سے ایک ایس ایم جی ،دو کلو بارود برآمد کرلیا۔ ادھر باجوڑ ایجنسی کے علاقہ گڑی گال خور میں لیویز کی گاڑی کے قریب ریموٹ کنٹرول دھماکے میں 2اہلکار زخمی ہو گئے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق گڑی گال خور میں لیویز کے گاڑی کو معمول کی گشت پر تھی کی کہ سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے اسے نشانہ بنایا گیا وقوعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ ادھر صوابی گجو خان میرہ سے پولیس نے 2 ازبک باشندوں کی نعشیںبرآمد کی ہیں۔ پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے صوابی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دونوں کو قتل کیا گیا۔ این این آئی کے مطابق خیبر ایجنسی میں فضائی کارروائی کے دوران 7 دہشت گردوں کو ہلاک اور تین ٹھکانوں اور اسلحہ کو تباہ کردیا گیا۔ خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ کے علاقے کوکی خیل میں پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کی۔ ادھر حب میں ایف سی اور حساس اداروں نے حب میں کارروائی کرکے 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ دو افراد کو کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں گرفتار کیا گیا۔ ادھر لاہور میں پولیس نے لاری اڈا کے علاقہ میں رات گئے سرچ آپریشن کیا اور لاری اڈہ میں واقع تمام ہوٹلوں اور سراﺅں کا مکمل ریکارڈ چیک کیا اور تلاشی لی۔ پولیس نے شناخت پیش نہ کرنے والے اور 12 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پشاور سے بیورو رپورٹ کے مطابق نواحی علاقہ داﺅدزئی چھرہ پل کے قریب واردات کی غرض سے گھات لگائے مسلح ملزموں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی‘ جوابی فائرنگ سے ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے 4ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں لیفٹیننٹ ڈپٹی اسسٹنٹ پاکستان ائرفورس بیس بڈھ بیر کو دھمکی آمیز ٹیلی فون کال موصول ہوئی۔ پولیس نے موبائل ڈیٹا کے ذریعہ ملزم کا سراغ لگاکر بازید خیل کے رہائشی ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جس کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دے دیا گیا ہے۔ کراچی سے کرائم رپورٹر کے مطابق شاہ فیصل کالونی میں حساس ادارے نے کارروائی کرتے ہوئے رینجرز چوکیوں پر حملے میں ملوث سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے ملزم عمران عرف عمیا کو گرفتار کر لیا ہے۔ وقت نیوز کے مطابق کراچی میں صدر کے علاقے میں کرم علی تالپور روڈ پر جلوس کے قریب مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق مشتبہ شخص کا نام محمد انصار اور اس نے پنجاب پولیس کی وردی پہن رکھی تھی۔ ادھر شادمان ٹاﺅن کراچی میں حساس اداروں نے کارروائی کرکے ٹارگٹ کلنگ کے الزام میں مہدی موسوی کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔نیشن رپورٹ کے مطابق صوابی میں گولیوں سے چھلنی 2افغان باشندوں کی نعشیں ملی ہیں، ڈی پی او جاوید اقبال کے مطابق دونوں افراد کی نعشیں شاہ منصور کے علاقے سے ملی ہیں۔
بمباری/ 7 دہشت گرد ہلاک