حکومت‘ ریاستی ادارے ایک صفحہ پر‘ فوج انٹیلی جنس ایجنسیاں دہشت گردی کیخلاف کردار ادا کرتی رہیں گی : سیاسی عسکری قیادت
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم محمد نوازشریف سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں خزانہ‘ داخلہ کے وفاقی وزرائ‘ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں قومی علاقائی سکیورٹی سے متعلق بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ فوج اور انٹیلی جنس ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ یہ جنگ ہموار انداز میں آگے بڑھ رہی ہے اس پر تمام سٹیک ہولڈرز کا مکمل اتفاق رائے ہے۔ یہ کسی امتیاز کے بغیر ہے۔اجلاس میں خطے خاص طور پر پاکستان کی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیاسی و عسکری قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فوج اور انٹیلی جنس ادارے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قائدانہ کردار ادا کرتے رہیں گے‘ دہشتگردی کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے‘ حکومت تمام ریاستی اداروں کے ساتھ ایک پیج پر ہے‘ دہشتگردوی کیخلاف کارروائی میں کسی قسم کی تمیز روا نہیں رکھی جائے گی‘ دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائیگی۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان اور ضرب عضب سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ ایل او سی پر کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔