ٹی ٹونٹی ، ون ڈے کی طرح ٹیسٹ سیریز میں بھی شاندار کارکردگی دکھائیں گے: یاسر شاہ
دبئی(سپورٹس ڈیسک)پاکستانی سپنر یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ان کے اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے ۔دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کی تیاری میں مصروف پاکستانی سپنر کا کہنا تھا کہ انہیں پنک بال سے باؤلنگ کرتے کوئی مشکل پیش نہیں آرہی‘ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کی طرح ٹیسٹ میچ میں بھی شاندار کارکردگی دکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بال کو زیادہ سے زیادہ باؤنس کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور انکی وکٹیں لینے کی وجہ بھی یہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ پنک بال سے زیادہ سے زیادہ پریکٹس کررہے ہیں۔یاد رہے کہ پاکستانی ٹاپ سپنر یاسر شاہ وکٹوں کی سنچر ی سے محض پانچ وکٹوں کی دوری پر ہیں اور انہیں توقع ہے کہ وہ اس سیریز میں یہ ہدف حاصل کرلیں گے۔یاسر شاہ نے کہا کہ وہ اپنے کوچ اور کپتان سے مشاورت کررہے ہیں کیونکہ یہ پنک بال سے ان کا پہلا میچ ہے۔میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے کہ پنک بال دیگر گیندوں کی نسبت زیاد ہ ہارڈ ہے لیکن مسلسل مشق سے انہیں اپنی کامیابی کا پورایقین ہے۔اگرچہ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں وائٹ واش کیا لیکن یاسر شاہ ویسٹ انڈیز کو آسان حریف سمجھنے کو تیار نہیں انکا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز ایسی ٹیم جو کسی بھی وقت کھیل کا پانسہ پلٹ سکتی ہے۔ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں شکست کا مطلب یہ نہیں کہ ویسٹ انڈیز کوئی کمزور ٹیم ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ٹیسٹ میچ میں بہتر پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔یاد رہے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ پرسوں سے شروع ہوگا۔یہ کئی اور وجوہات سے بھی اہمیت کا حامل ہے جن میں سے ایک یہ ہے کہ یہ پاکستان کیلئے روایتی فارمیٹ کا چارسو واں میچ ہوگا۔