12اکتوبر، مسلم لیگ (ن) آج کوئی احتجاج نہیں کر رہی
لاہور (خصوصی رپورٹر) 12 اکتوبر 1999ء کو وزیراعظم نواز شریف کی جمہوری حکومت کا اس وقت کے آرمی چیف جنرل پرویز مشرف نے تختہ الٹ دیا تھا، آج بدھ 12 اکتوبر کو اس واقعہ کو 17سال پورے ہو رہے ہیں لیکن لگتا ہے مسلم لیگ (ن) نے اس زخم کو بھلا دیا ہے اور مرکزی یا صوبائی سطح پر 12 اکتوبر کو کوئی احتجاجی پروگرام منعقد نہیں کیا جا رہا۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ن) ہر برس 12 اکتوبر کو یوم سیاہ مناتی رہی ہے واضح رہے پیپلزپارٹی 5 جولائی 1977ء کو ذوالفقار علی بھٹو کا تختہ جنرل ضیاء الحق کے ہاتھوں الٹائے جانے کے خلاف اب بھی ہر برس یوم سیاہ مناتی ہے، دلچسپ بات یہ ہے 12 اکتوبر کو وزیراعظم نواز شریف کی حکومت کا خاتمہ کرنے اور 10دسمبر 2000ء کو انہیں فیملی سمیت دس سال کیلئے جلا وطن کرنے والے جنرل پرویز مشرف اس مرتبہ 12 اکتوبر کو خود ساختہ جلاوطنی اختیار کئے ہوئے ہیں۔