• news

پنجاب سیف سٹی منصوبے کا افتتاح، قوم کسی کو ترقی روکنے نہیں دے گی: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے قربان لائنز لاہور میں پاکستان میں اپنی نوعیت کے منفرد اور ایشیاء کے سب سے بڑے پنجاب سیف سٹی منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ افتتاح کے بعد انہوں نے کہا کہا کہ سیف سٹی منصوبے کاپہلا مرحلہ ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا ہے، عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنے اورجرائم پر قابو پانے کیلئے پنجاب حکومت نے سیف سٹی منصوبے پر کام شروع کیا ہے جس پر 12ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں اوراس منصوبے کے تحت کمانڈاینڈ کنٹرول سنٹر میں بہت بڑی سکرین لگائی گئی ہے جو کہ ایشیا کی سب سے بڑی سکرین ہے۔ چین کی صف اول کی کمپنی ہیواوے کے تعاو ن سے کام کررہی ہے اوریہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا منفرد منصوبہ ہے۔ چھ برس قبل اس وقت کی وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کیا تھا جو اب آکر مکمل ہوا ہے لیکن پنجاب حکومت کا سیف سٹی منصوبہ اسلام آباد کے منصوبے کے حجم سے چار گنا بڑا ہے۔ چودھری نثار اسلام آباد سیف سٹی پراجیکٹ کے 1500کیمروں کو بڑھا کر2000 کیمروں پر لے آئے ہیں جبکہ پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت لاہورمیں 8ہزار کیمرے لگائے جارہے ہیں۔ پنجاب کے سیف سٹی پراجیکٹ کیلئے سب سے کم بولی ہیواوے کمپنی نے دی جو کہ 16ارب روپے تھی، تاہم ہم نے اس رقم کو کم کرواکر 12ارب روپے پر لائے اورقوم کے 4ارب روپے اس منصوبے میں بچائے ہیں جبکہ دوسری اسلام آباد سیف سٹی پراجیکٹ جو حجم میں چار گناچھوٹا ہے اس کا معاہدہ 6برس قبل12ارب روپے میں ہوا تھا ۔انہوںنے کہاکہ کرپشن کی بے بنیاد باتیں کرنے والے اس منصوبے کی شفافیت اورقومی وسائل کے 4 ارب روپے کی بچت کو بھی یاد رکھیں۔ سیف سٹی پراجیکٹ کے لئے بچوں اور بچیوں کی بھرتیاں سفارش کے بغیر صرف اورصرف میرٹ پر ہوئی ہیں اورانہیں بہترین تربیت دی گئی ہے۔ اس منصوبے سے جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی اور یہاں سے الارم بیل بجے گی جس سے متعلقہ ادارے الرٹ ہوجائیں گے۔ پنجاب حکومت کے اس اقدام سے پاکستان محفوظ، پرامن اور خوشحال ملک بنے گا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کے 6دیگر شہروں میں سیف سٹیز پراجیکٹس شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملتان، بہاولپور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور سرگودھا میں یہ منصوبے 2017ء کے آخر میں مکمل کرلیے جائیں گے۔ لاہور میں پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اوردیگر مراحل اگلے برس کے اوائل تک مکمل ہو جائیں گے۔ یہ ان لوگوں کے لئے بھی گواہی ہے جو عوام کی فلاح وبہبود اورترقیاتی منصوبوں کیخلاف سوچتے اور بولتے ہیںاورایسی کوشش کررہے ہیں جس سے ترقیاتی منصوبے مکمل نہ ہوسکیں اورپاکستان اپنی منزل دوبارہ کھو بیٹھے لیکن یہ قوم اس مرتبہ یہ نہیں ہونے دے گی۔ سی پیک کے تحت سندھ میں پنجاب کے مقابلے میں زیادہ منصوبے لگ رہے ہیں لیکن ہمیں خوشی ہے کہ سندھ میں بھی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ چین کی فنڈنگ سے شروع کیا گیا ہے اور یہ فنڈز پنجاب حکومت نے چین کو واپس کرنے ہیں۔ خدارا حقائق کی بات کریں اور ایمانداری سے کام لیں۔ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں لہٰذا کوئی بھی بات کرنے سے قبل پاکستان کو سامنے رکھیں۔ شہباز شریف کی زیر صدارت پنجاب پولیس کے اینٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں اجلاس ہوا جس میںیوم عاشور کے موقع پر صوبہ بھرمیں عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے کیے جانیوالے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے کیے جانیوالے سکیورٹی انتظامات کی موثر مانٹیرنگ تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے۔ شہباز شریف سے چیئرمین و اپڈا نے ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں توانائی کے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے، توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے حکومتی کاوشیں بارآور ثابت ہو رہی ہیں۔ منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی جس سے توانائی کے بحران کا خاتمہ ہوگا اور عوام کو سستی بجلی فراہم ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن