سیاست صرف مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فام سے کرونگا: جاوید ہاشمی
ملتان (آئی این پی) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے مسلم لیگ (ن) میں دوبارہ شمولیت کا عندیہ دے دیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ سیاست کروں گا تو صرف مسلم لیگ ن کے پلیٹ فام سے، ورنہ سیاست چھوڑ دوں گا۔ ملتان میں امن ریلی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ساتھ کھڑا ہوں اور سیاست کروں گا تو مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے ہی کروں گا۔ اسمبلیوں کو 2018ء تک اپنی مدت پوری کرنی چاہیے۔ پارلیمنٹ بالادست ادارہ ہے۔ عمران خان چاہیں بھی تو خیبر پی کے اسمبلی نہیں توڑ سکتے۔ دوسری طرف باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ جاوید ہاشمی کے مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے معاملات طے ہو چکے ہیں اور سینئر سیاستدان آئندہ چند دنوں میں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر سکتے ہیں۔ تحریک انصاف کے اسلام آباد دھرنے سے قبل جاوید ہاشمی کی مسلم لیگ (ن) میں دوبارہ شمولیت عمران خان اور ان کے ساتھیوں کیلئے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ 18اکتوبر کو مسلم لیگ (ن) کے انٹرا پارٹی الیکشن کے موقع پر جاوید ہاشمی مسلم لیگ (ن) میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کرکے لیگی قیادت اور کارکنوں کو بڑا سرپرائز دے سکتے ہیں۔