پشاور: 2 ٹارگٹ کلر گرفتار: فیصل آباد 2، کوئٹہ میں 3 مشتبہ افراد پکڑے گئے
پشاور + کوئٹہ + فیصل آباد (نیوز ایجنسیاں+ نمائندہ خصوصی) پشاور میں پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ مقابلے کے بعد دو ٹارگٹ کلر گرفتار کر لیے گئے۔ کوئٹہ میں ایف سی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ فیصل آباد میں کومبنگ آپریشن کے دوران 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق پشاور میں ٹارگٹ کلر جاوید اور اسرار حسین کو یکہ توت کے علاقے سے مقابلے کے بعد گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے دو پستول، چار دستی بم، ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلر پشاور میں دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ ٹارگٹ کلرز سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ادھر کوئٹہ میں ایف سی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کر کے تین مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ بروری میں ایف سی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائی کی مشتبہ افراد کے قبضے سے اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا۔ سکیورٹی فورسز نے گرفتار افراد کو مزید تفتیش کیلئے نا معلوم مقام پر منتقل کردیا۔ ادھر فیصل آباد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کومبنگ آپریشن کے دوران 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ آپریشن کے دوران ہوٹلوں میں مقیم افراد کی چیکنگ اور شناخت کی بائیو میٹرک ڈیوائس کے ذریعے تصدیق کی گئی۔ ہوٹل میں مقیم شناخت ظاہر نہ کرنے اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔