دہشت گردی کیخلاف جنگ میں دوہرے معیار پر پردہ ڈالنے کا امریکہ ڈرامہ فلاپ ہوگیا:ایران روس
تہران(صباح نیوز)ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے تہران میں شام کے امور میں روسی صدر کے خصوصی ایلچی الیگزینڈر لارنتیوف سے بات چیت کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف مہم میں ایران روس سٹریٹیجک تعاون کو ضروری قرار دیااور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ اور مغرب کا اپنے دوہرے معیاروں پر پردہ ڈالنے کا سیاسی اور تشہیراتی ڈرامہ فلاپ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی رائے کو پتہ چل گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے مغربی دعووں میں کوئی صداقت موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے دہشت گردی کو بطور ہتھکنڈہ استعمال کرنے کی پالیسی ہی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ اور مغربی ملکوں کی سب سے بڑی مشکل ہے۔ڈاکٹر علی شمخانی نے کہا کہ مغرب کے دوہرے معیاروں کی وجہ سے نہ صرف مغربی ملکوں کی سلامتی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ امریکہ اور مغربی ملکوں میں دہشت گردی زور پکڑتی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شام کی قانونی حکومت کی خواہش اور اجازت کے بغیر، ہر طرح کی بیرونی فوجی مداخلت، شام کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی اور بحران کے مزید پیچیدہ ہونے کا سبب بن رہی ہے۔ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے خلاف جنگ میں ایران، روس اور شام کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔