• news

ڈبل سٹوری پر پابندی خلاف ورزی لاہور گوجرانوالہ میں 495 افراد گرفتار

لاہور/ گوجرانوالہ (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر لاہور اور گوجرانوالہ میں 495 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نویں اور دسویں محرم الحرام کے موقع پر حکومت کی جانب سے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی لگائی گئی۔ جس پر پولیس نے مغل پورہ، باغبانپورہ، فیکٹری ایریا، ڈیفنس اے اور بی، شفیق آباد لوئرمال، اسلام پورہ، ساندہ بھاٹی گیٹ، مستی گیٹ، نولکھا، ٹبی سٹی سمیت لاہور مختلف علاقوں میں 370 افراد کو پکڑ کرلیا اور کئی موٹر سائیکلیں بھی تھانوں میں بند کر دیں۔ گرفتار افراد کی رہائی کیلئے تھانوں میں سفارشیوں کا تانتا بندھ گیا جبکہ تگڑی سفارش والوں کو بغیر کسی کارروائی کے چھوڑا بھی جاتا رہا۔ آج دس محرم الحرام کو بھی موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ پولیس نے پابندی کے باوجود ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنیوالے 125افراد کو حراست میں لیکر مقدمات درج کر لئے۔ اعلیٰ پولیس افسروں نے پابندی پر عملدرآمد کروانے کیلئے تمام تھانوں کو سختی سے احکامات جاری کئے تھے۔ ماڈل ٹائون، سبزی منڈی، سیٹلائٹ ٹائون، سول لائن، جناح روڈ، کینٹ، اروپ، پیپلز کالونی، فیروز والہ اور صدر پولیس نے پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 125 افراد کو قابو کرنے کے بعد انہیں موٹر سائیکلوں سمیت تھانوں میں بند کر کے مقدمات درج کر لئے ہیں۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق پولیس تھانہ صدر نے ڈبل سواری کرنے پر 6 افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے اور 6 افراد شہزاد احمد، محمد گلزار، محسن، علی رضا، ذیشان اور الیاس کو حوالات میں بند کردیا۔

ای پیپر-دی نیشن