• news

9ویں محرم کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان غلط ثابت ہوا بجلی بند ہوتی رہی

لاہور (کامرس رپورٹر+ نامہ نگاران) بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ نارنگ منڈی میں شہریوں نے لوڈ شیڈنگ کیخلاف پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا اور نعرے بازی کی جبکہ شیخوپورہ میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جبکہ وزارت بجلی و پانی کے 9 ویں محرم کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان غلط ثابت ہوا اور بجلی کی بندش جاری رہی۔ تفصیلات کے مطابق لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق سینکڑوں شہریوں نے 18 گھنٹے کی روزانہ سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کرتے رہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ شیخوپورہ کے عوام کے ساتھ ہونے والے ظلم کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے۔ نارنگ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق حکومت کی واضح ہدایات کے باوجود 9ویںمحرم کو نارنگ منڈی و گرد و نواح میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عزاداروں کو پریشان کردیا۔ شہریوں نے لیکسو کیخلاف شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے تپتی دھوپ میں پریس کلب کے باہر دھرنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ نارنگ منڈی میں ہر گھنٹے بعد لوڈشیڈنگ نے خصوصاً عزاداروںکو شدید پریشان کیا۔ علاوہ ازیں چھوٹے شہروں میں نو محرم کے جلوس والے روٹوں پر بھی لوڈ شیڈنگ ہوتی رہی۔ مجالس بھی شدید متاثر ہوئیں۔ واضح رہے کے وزارت بجلی و پانی نے نو اور دس محرم کو ملک میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا اور وزارت نے نو اور دس محرم کو بجلی کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لئے پاور جنریشن یونٹوں کو اتوار اور پیر کو پیداوار کم رکھنے کی ہدایت کی تھی۔ بجلی کی ڈیمانڈ زیادہ ہونے کے باعث وزارت بجلی و پانی 9 اور 10 محرم کیلئے بنائے لوڈ مینجمنٹ کے پلان پر عمل درآمد میں ناکام رہی۔ آئی این پی کے مطابق وزارت پانی و بجلی نے کہا ہے کہ نویں محرم پر لوڈشیڈنگ زیرو تھی، آج بھی زیرو ہی رہے گی۔ عاشورہ پر پورے ملک میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی گئی۔ کہیں بھی لوڈشیڈنگ نہیں ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن