شام کے معاملے پر اختلاف :روسی صدر نے فرانس کا دورہ اچانک منسوخ کردیا
ماسکو (نوائے وقت رپورٹ) شام کے تنازعہ پرروس اور فرانس کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے۔ روسی صدر پیوٹن نے فرانس کا دورہ اچانک منسوخ کردیا۔ روسی صدر نے 14 اکتوبر کو پیرس کا دورہ کرناتھا۔ روس نے سلامتی کونسل میں شامی تنازعہ پر فرانس کی قرارداد ویٹو کردی تھی۔ ذرائع کے مطابق شام کے معاملے پر پائے جانے والے اختلافات کی وجہ سے دورہ منسوخ کیا گیا ہے۔فرانسیسی صدر نے کہا تھا شام کے ایشو پر بین الاقوامی جرائم کی عدالت میں مقدمات لائے جا سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے ملک کے ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ شام کے معاملے پر بین الاقوامی جرائم کی عدالت میں مقدمے لائے جا سکتے ہیں۔ شام کی عوام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا یہ لوگ جنگی جرائم سے متاثر ہو رہے ہیں، وہ لوگ جو یہ جرائم کر رہے ہیں ان کو اپنے کیے کا سامنا کرنا پڑے گا بشمول بین الاقوامی جرائم کی عدالت میں۔ روس کا موقف ہے کہ وہ شام میں صرف دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے۔ خیال رہے کہ بین الاقوامی جرائم کی عدالت میں صرف انھیں ممالک پر مقدمہ چلایا جاسکتاہے جو عدالت کے ممبر ہوں۔ روس اور شام دونوں بین الاقوامی جرائم کی عدالت کے ممبران نہیں ہیں۔