• news

ججز نظربندی کیس: پرویز مشرف کیخلاف سماعت کل ہو گی

اسلام آباد (نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ججز نظر بندی کیس میں ملزم پرویز مشرف کیخلاف کیس کی سماعت کل 13اکتوبر کو ہوگی، گزشتہ روز تعطیل کی وجہ سے کیس کی سماعت نہ ہو سکی، کیس میں سپیشل پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ کیس میں ملزم کو جلد ہی اشتہاری قرار دیئے جانے کا امکان ہے، ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ہیں لیکن ملزم روپوش ہے، اب عدالت اگلے مرحلے میں ملزم کو اشتہاری قرار دے دے گی، انہوں نے کہا کہ ملزم کی جانب سے ایک درخواست عدالت میں دائر کی گئی کہ ہمارے خلاف جو دفعات عائد کی گئیں وہ غلط ہیں، نئی دفعات کے تحت فرد جرم عائد کی جائے لیکن اس درخواست کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور یہ حیلے بہانے ہیں کیونکہ اس کیس میں ملزم کو مستقل استثنیٰ کی درخواست خارج ہونے کے باوجود تقریباً ساٹھ مرتبہ ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ دیا گیا جسکی عدالتی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی، دو سال سے کیس زیر سماعت ہے،17گواہوں کی شہادت قلمبند ہو چکی ہیں اور اب انہیں یاد آیا کہ دفعات درست نہیں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن