ورلڈ چیمپئن شپ: دو رکنی قومی سائیکلنگ ٹیم قطر چلی گئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کی دو رکنی سائیکلنگ ٹیم قطر میں منعقد ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ نمائندگی کے لئے گذشتہ روز دوحہ روانہ ہو گئی۔ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سید اظہر علی شاہ کے مطابق پہلا موقع ہے کہ ورلڈ چیمپئن شپ میں پاکستانی سائیکلسٹ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔ پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں میں واپڈا سے حافظ طاہر محمود اور سوئی سدرن گیس کمپنی سے محسن خان شامل ہیں جبکہ نثار احمد منیجر شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑی انفرادی ٹائم ٹرائل میں حصہ لینگے جس کے لئے کھلاڑیوں کا انتخاب اسلام آباد میں 40 کلو میٹر روڈ ریس سے کیا گیا تھا۔ اظہر علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے ورلڈ چیمپئن شپ کے لئے چار کھلاڑیوں کے نام یو سی آئی کو بھجوائے تھے۔ ایلیٹ ریس میں ہمارے سائیکلسٹ کو جگہ نہیں مل سکی جس میں دنیا کے ٹاپ رینکنگ کھلاڑیوں کو شامل کیا جاتا ہے۔ اظہر شاہ کا کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے کہ پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کی کوششوں سے ورلڈ چیمپئن شپ میں پہلی مرتبہ پاکستانی کھلاڑی نمائندگی کر رہے ہیں جہاں 182 ممالک کے کھلاڑی شریک ہونگے۔ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ چیمپئن شپ کے موقع پر یونین سائیکلنگ انٹرنیشنل کا اجلاس 14 اکتوبر کو قطر کے شہر دوحہ میں منعقد ہو رہا ہے جس میں پاکستان کی نمائندگی پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر کوکب ندیم وڑائچ اور سیکرٹری فیڈریشن سید اظہر علی شاہ 13 اکتوبر کو قطر روانہ ہونگے۔ اس اجلاس کی صدارت یونین سائیکلنگ انٹرنیشنل کے صدر برین کوکسن کریں گے۔ اجلاس میں یو سی آئی سی کے آئین میں ترامیم اور دیگر امور زیربحث لائے جائیں گے۔