پاک آرمی کے زیراہتمام انٹرنیشنل پیسز چیمپئن شپ، چین، سری لنکا کی ٹیمیں پہنچ گئیں
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس+ خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان آرمی کے زیراہتمام انٹرنیشنل پیسز چیمپئن شپ میں شرکت کے لئے چین اور سری لنکا کی آرمی ٹیموں کے کھلاڑی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ گزشتہ رات چین پیپلزلیبریشن آرمی کے جوان جبکہ دو روز قبل سری لنکن آرمی کے جوان پاکستان پہنچے، علامہ اقبال ائر پورٹ پر مہمان کھلاڑیوں کا پاک آرمی حکام کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ لاہور آنے والے دستے میں پیپلزلیبریشن آرمی چین کے کھلاڑی شامل ہیں۔ انٹرنیشنل پیسز چیمپئن شپ میں سولہ ممالک کی آرمیْ ٹیموں نے شرکت کی تصدیق کر رکھی ہے۔ چھ روزہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب اٹھارہ اکتوبر کو ہوگی۔ چیمپئن شپ میں پاکستانی دستے سمیت تین سو ستر کے قریب کھلاڑی فٹنس ، سٹیمنا اور مہارت کے ان مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق عالمی ٹیموں کے مابین ہونے والے اپنی نوعیت کے پہلے مقابلوں میں 16 ملکوں کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔