کراچی: فائرنگ ، تشدد سے اے ایس آئی سمیت 5 افراد جاں بحق
کراچی (کرائم رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) کراچی کے مختلف علاقوں میں تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں اے ایس آئی سمیت 5 افراد جاںبحق ، کمسن بچے سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق عیدگاہ کے علاقے میں کے ایم سی ورکشاپ کے نزدیک مسلح ملزموں نے ایک شخص محمد اسلم کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے۔ مقتول اسلم کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ مل والی بلڈنگ میں رہتا اور محنت مزدوری کرتا تھا ادھر گلبہار کے علاقے میں لیاری ندی سے ایک شخص کی نعش ملی جسے تشدد اور گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ گلشن معمار میں فضل مل کے قریب سے بھی ایک شخص کی نعش ملی جسے تشدد کرکے ہلاک کیا گیا تھا پولیس کا کہنا ہے کہ60 سالہ اس شخص کی بھی شناخت نہیں ہوسکی ہے اس کے علاوہ ماری پور کے علاقے مشرف کالونی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص اسمعیٰل ہلاک ہوگیا۔ادھر کورنگی میں نا معلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا ، اہلکار کی شناخت اے ایس آئی شہزاد اختر کے نام سے ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کے ٹارگیٹڈ آپریشن کیا اور ٹارگٹ کلرز اور کالعدم تنظیموں کے کارندوں سمیت 8ملزموں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ رینجرز کے ترجمان کے مطابق جمعرات کو لیاقت آباد میں ٹارگیٹڈ آپریشن کرکے کالعدم تنظیم کے ایک کارندے اور لانڈھی میں اسنیپ چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا گیا جبکہ اس سے قبل بدھ کو رینجرز نے لانڈھی بن قاسم ٹائون اور کورنگی ٹائون میں کارروائی کرکے 6ملزموں کو گرفتار اور ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا۔