• news

12 اکتوبر 99ء اور آج کے حالات میں مماثلت نہیں ٗ مشرف ہارا ہوا راحیل شریف جیتا ہوا جرنیل ہے: ضیاء الدین بٹ

اسلام آباد (این این آئی)سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ریٹائرڈ ضیاء الدین بٹ نے کہا ہے بارہ اکتوبر1999 اور آج کے حالات میں کوئی مماثلت نہیں ٗپرویز مشرف ہارا ہوا اور جنرل راحیل شریف جیتا ہوا جرنیل ہے ٗ مشرف نے کرگل معاملے پر کارروائی سے بچنے کیلئے مارشل لاء لگایا ٗ جنرل راحیل شریف کو فیلڈ مارشل بناکر ریٹائر کیا جانا چاہیے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں ضیاء الدین بٹ نے کہا پرویز مشرف نے کرگل معاملے پر حکومت یا جرنیلوں کو اعتماد میں نہیں لیا تھا ہمیں کرگل کی وجہ سے بہت نقصان ہوا ٗ اپنے خلاف کارروائی سے بچنے کیلئے مشرف نے نواز شریف کے خلاف پہلے ہی کارروائی کر دی۔ موجودہ صورتحال کے حوالے سے ضیاء الدین بٹ نے کہا مشرف نے بارہ اکتوبر 1999ء کو مارشل لاء لگایا کیونکہ کرگل کے معاملے کی وجہ سے بہت سے مسائل پیدا ہوئے ٗبہت سے لوگ شہید ہوئے ٗکرگل کا معاملہ مشرف کا لاجسٹک بلنڈر تھا وہ اسی مخصوص سوچ میں تھا اور اس کو پتہ تھا اس پر نزلہ گر سکتا ہے اور اپنے خلاف کارروائی روکنے کیلئے ساری تیاری کی ہوئی تھی جبکہ جنرل راحیل شریف نے پورے پاکستان میں بڑا نام پیدا کیا ہے میں انہیں جمہوریت کا محافظ کہتا ہوں انہوںنے جمہوریت کو اتنی سپورٹ دی جتنی کسی زمانے میں جنرل اسلم بیگ نے دی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن