• news

گندم کے بیج کی قیمت نہ بڑھانے کا فیصلہ‘ کسانوں کو ریلیف دینا چاہتے ہیں : ڈاکٹر فرخ

لاہور (پ ر) پنجاب سیڈ کارپوریشن نے گندم کے بیج کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے اور گزشتہ سال کے نرخوں کے مطابق فروخت کرنے کا اعلان کر دیا۔ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن ناصر سلیم نے صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید اور سیکرٹری زراعت محمد محمود کی ہدایت پر مذکورہ اعلان کیا۔ صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ پنجاب حکومت کسانوں کو ریلیف دینا چاہتی ہے۔ اس لئے اس سال گندم کا بیج پرانے نرخوں 2430 روپے فی پچاس کلوگرام کے حساب سے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور تقریباً 11 لاکھ بیج کے تھیلے فروخت کئے جائیں گے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کاشتکار گندم کی فصل کیلئے پنجاب سیڈ کارپوریشن کا تصدیق شدہ بیج ہی کاشت کریں تاکہ گندم کی پیداوار میں اضافہ ہو اور اس بار پھر بمپر کراپ حاصل ہو سکے۔ پنجاب بھر میں سیڈ کارپوریشن کے اپنے 19 سیل پوائنٹس اور تقریباً 1800 رجسٹرڈ ڈیلرز سے گندم کا بیج خریدا جا سکتا ہے۔ بہترین مارکیٹنگ پلانگ پیش کرنے پر وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ اور سیکرٹری زراعت محمد محمود نے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ناصر سلیم کی کارکردگی کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن