سی پیک منصوبہ اہم، شامل ہونا چاہتے ہیں: افغان سفیر
اسلام آباد+ نئی دہلی (صباح نیوز+ آن لائن) پاکستان میں تعینات افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیل وال کا کہنا ہے افغانستان پاک۔ چین اقتصادی راہداری کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اس منصوبے کا حصہ بننا چاہتا ہے۔ اقتصادی راہداری اہم منصوبہ ہے جو صرف پاکستان کیلئے نہیں بلکہ افغانستان سمیت وسطی ایشیائی ممالک کیلئے بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے، جو منصوبہ پاکستان کے لیے اچھا ہوگا وہ پورے خطے کیلئے اچھا ہوگا۔ افغان عوام ترقی دیکھنے کیلئے پیاسے ہیں اور ملک کو خوشحال ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔دریں اثنا افغانستان نے بھارت کے شہر حیدرآباد میں جلد اپنا قونصلیٹ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، بھارت میں افغان سفیر شاہدہ محمدابدالی نے بتایا کہ افغانستان جلد حیدرآباد میں اپنا قونصلیٹ کھولے گا جو صرف تجارت اور کاروبار پر اپنی توجہ مرکوز نہیں رکھے گا بلکہ تمام سطحوں پر تعلقات کی توسیع کیلئے مزید اقدامات بھی کریگا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں افغان قونصلیٹ دونوں ممالک کے درمیان تعلیم، معیشت اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ کے علاوہ ثقافتی اور طبی تعاون کے فروغ کیلئے کام کریگا۔