• news

نوازشریف چند روز میں اپنی سیاسی زندگی کی اہم ترین اننگز کھیلنے جا رہے ہیں

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم محمد نواز شریف آئندہ چند دنوں میں اپنی سیاسی زندگی کی اہم اننگز کھیلنے جا رہے ہیں۔ ان کی حکومت کے لئے آئے روز مشکلات پیدا کی جا رہی ہیں لیکن وہ پچھلے 3 سال سے اپنے سیاسی مخالفین کو شکست دے رہے ہیں۔ وزیراعظم آئندہ چند دنوں میں موجودہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کریں گے یا نئے آرمی چیف کا انتخاب۔ انہوں نے ’’تاش کے پتے‘‘ اپنے سینے سے لگا رکھے ہیں کسی کو ان کے آئندہ عزائم کے بارے میں کچھ علم نہیں۔ سیاسی پنڈت پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر نئے آرمی چیف کی تقرری کے بارے میں ’’قیاس آرائیاں‘‘ کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کے حوالے سے منعقدہ سیاسی و عسکری قیادت کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی ’’خبر‘‘ کی اشاعت سے سول ملٹری تعلقات کار کو شدید دھچکا لگنے کا خطرہ پیدا ہوگیا، اس ممکنہ نقصان کا ازالہ کرنے کے لئے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے تحقیقات اپنے ہاتھ میں لے لی ہے۔ وہ آئندہ چند دنوں میں حقائق منظر عام پر لائیں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور اے پی این ایس اور سی پی این ای کے وفد کے درمیان طویل ملاقات نتیجہ خیز ثابت ہوئی جس کے بعد جہاں انہوں نے سرل المیڈا کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا، وہاں تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے حکومت سے تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔ قومی سلامتی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے ’’خبر‘‘ لیک کرنے سے ’’سول ملٹری تعلقات کار‘‘ کو متاثرکرنے کی کوشش بھی ناکام ہو گئی۔ چودھری نثار علی خان نے سول ملٹری تعلقات کارکو کسی حادثے سے دوچار ہونے سے بچا لیا ہے۔ وہ ابتدائی تحقیقات کے بعد نتیجہ اخذ کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سول حکومت مختلف اطراف سے دباؤ کی کیفیت میں ہے۔ وزیراعظم آئندہ چند دنوں میں فیصلہ کن اقدامات سے دباؤ کی کیفیت سے نکل جائیں گے۔ عمران خان کے 30 اکتوبر کے دھرنا کی ناکامی کی صورت میں نواز شریف مضبوط سیاست دان بن کر ابھر سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن