حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں 539 ارب کے نئے قرضے لے گئے
لاہور (احسن صدیق) وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران 539 ارب روپے کے نئے قرضے لے لیے ہیں جس سے حکومت کے مجموعی قرضے 202 کھرب روپے سے بھی تجاوز کر گئے۔سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران وفاقی حکومت نے ملکی ذرائع سے مزید 5 کھرب 21 ارب 20 کروڑ روپے اور بیرونی ذرائع سے 17 ارب 89 کروڑ روپے کے نئے قرضے حاصل کیے، 5 کھرب 39 ارب 10 کروڑ روپے کے نئے قرضوں کے بعد اگست کے اختتام پر مرکزی حکومت کے قرضوں کا مجموعی حجم 202 کھرب 15 ارب 80 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ مالی سال کے آغاز پر وفاقی حکومت کے قرضوں کا حجم 196 کھرب 74 ارب روپے تھا۔ موجودہ حکومت کے دور میں اب تک حکومتی قرضوں میں مجموعی طور پر 62 کھرب 8 ارب روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ پچھلی حکومت نے تین سال میں 55 کھرب 65 ارب روپے کے قرضے لیے تھے۔ موجودہ حکومت نے 3 سال میں پچھلی حکومت کے تین سال کے مقابلے میں 126 فیصد زیادہ بیرونی قرضے لیے ہیں اس کے برعکس موجودہ حکومت کی طرف پچھلی حکومت کے مقابلے میںمقامی قرضے 5 فیصد کم قرضے لیے گئے۔