فاٹا اصلاحات پر جھوٹ بولا گیا، فیصلہ مسلط نہیں کرنے دیں گے: فضل الرحمن
پشاور (این این آئی) جمعیت علماء اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان 20 کروڑ مسلمان کا ملک ہے، پاکستان کی سرزمین پر مغرب اور امریکہ کے لئے کوئی جگہ نہیں۔ پارلیمنٹ کو بتادیا کہ قبائلیوں پر جبری فیصلے مسلط نہیں کریں گے، فاٹا کے مستقبل کے حوالے سے پارلیمنٹ میں بھی بل پیش ہوا ہے اس میں غلطیوں کی نشاندہی کی ہے۔ مردان میں مفتی محمود کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پورے صوبے میں بدامنی عروج پر ہے، انسان کا خون سستا ہو گیا۔ جب تک قبائل کو ریفرنڈم اور اپنی رائے کا حق نہیں دیا جائیگا ہم قبائل کیلئے لڑتے رہیں گے۔ قبائل سے پوچھا جائے کہ وہ کیا تسلیم کرتے ہیں۔ قبائل کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ بیورو کریسی اور اسٹیبلشمنٹ ہمیشہ قرآن و سنت، اسلامی تعلیمات اور قانون سازی کی راہ میں رکاوٹ بنتی ہے، ہم نے ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، ہم نے فاٹا اصلاحات پر تنقید کی ہے، فاٹا اصلاحات پر جھوٹ بولا گیا اور متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ مدارس کو ووکیشنل کالجز میں تبدیل نہیں کرنے دینگے۔