ایبٹ آباد: چیئر لفٹ خراب ہونے سے سکول کے 10بچے پھنس گئے
ایبٹ آباد (نامہ نگار+ صباح نیوز) دم توڑ کے قریب ندی ہرو پر قائم چیئر لفٹ خراب ہونے سے سکول جانے والے 10بچے پھنس گئے۔ تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں دم توڑ کے قریب سکول کے 10طلبا دیسی ساختہ چیئر لفٹ کے ذریعے ندی پار کر رہے تھے کہ لفٹ درمیان میں پہنچ کر خراب ہو گئی اور بچے زمین سے کئی فٹ اوپر لفٹ میں پھنس گئے۔ کافی دیر لفٹ میں پھنسے رہنے کے بعد مقامی لوگوں نے ایک ٹریکٹر کا بندوبست کیا جس کے ذریعے لفٹ کو کھینچ کر کنارے پر لایا گیا اور بچوں کو نکالا گیا۔ ایبٹ آباد کے تحصیل نائب ناظم سردار شجاع نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے لفٹ فوری طور پر سیل کرنے کا حکم دے دیا جبکہ پولیس نے چیئر لفٹ کے مالک زبیر خان اور ملازم وحید خان کو گرفتار کرلیا۔ تحصیل نائب ناظم کا کہنا تھا کہ لفٹ میں انجینئرنگ کے اصولوں کی پیروی نہیں کی گئی، لفٹ کا این او سی ہے نا ہی کوئی فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کیا گیا تھا۔