• news

سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولتیں‘ ایف بی آر ٹیکس ہدف کیلئے کوششیں تیز کرے: اسحاق ڈار

اسلام آباد (ایجنسیاں) وفاقی وزیرخزانہ سحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں و کاروباری افراد کو ہرممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ کاروبار کیلئے حکمت عملی پر عملدرآمد میں پیش رفت کا جائزہ لینے کی غرض سے اجلاس میں سیکرٹری خزانہ نے وفاقی وزیر کو کاروبار کیلئے مواقع سے متعلق اصلاحاتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ان اقدامات میں کاروبار کا آغاز بجلی اور قرضوں کا حصول‘ جائیداد کی رجسٹریشن‘ سرمایہ کاروں کا تحفظ‘ ٹیکسوں کی ادائیگی‘ سرحدوں کے پار تجارت اور معاہدوں پر عملدرآمد شامل ہیں۔ وفاقی وزیرخزانہ نے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ تعاون کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کو تمام سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اسحاق ڈار نے ایف بی آر کو محصولات کا سالانہ ہدف حاصل کرنے کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان نے وفاقی وزیر کو سالانہ ہدف حاصل کرنے کیلئے محصولات جمع کرنے کی غرض سے ایف بی آر کی حکمت عملی اور اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

ای پیپر-دی نیشن