کرپٹ سیاستدانوں نے ملک کو بھارت سے زیادہ نقصان پہنچایا: پرویز خٹک
حویلیاں+ ایبٹ آباد (نامہ نگاروں سے) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ کرپٹ سیاستدانوں نے ملک کو جو نقصان پہنچایا ہمارا ازلی دشمن بھارت بھی ایسا نہیں کر سکتا۔ جب ہم اقتدار میں آئے تو سارا سٹرکچر تباہ حال تھا جس سے کرپشن کی بو آتی تھی، تمام ادارے کرپشن زدہ تھے ۔ غریب انصاف کیلئے در در کی ٹھوکریں کھا رہے تھے۔ ہم نے تین سال شدید مزاحمت اور گوناگوں چیلنجز کے باوجود بیوروکریسی اور سٹیٹس کو سے لڑ کر نظام کو ٹھیک کیا، قانون سازی کی اور ایک شفاف نظام بنایا۔ یہ سب کچھ عوامی مفاد کے تحت کیا اس میں ہمارا اپنا کوئی ذاتی فائدہ پیش نظر نہیں تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو حویلیاں میں جلسہ عام سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس وسائل کی کمی نہیں مگر بدقسمتی سے ماضی کے بدعنوان حکمرانوں اور مفلو ج نظام کی وجہ سے یہ وسائل، غریب کی فلاح کیلئے استعمال نہیں کئے گئے۔ ہری پور میں خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں نے اپنے ذاتی مفادات کی خاطر نظام کو تباہ کیا۔ نوجوانوں نے انکی سیاسی غنڈہ گردی سے نجات حاصل کرنے کیلئے تبدیلی کی خاطر عمران خان کو ووٹ دیا۔ یہ بات سب کو سمجھ لینی چاہئے کہ ہم نے اس ملک کو ٹھیک کرنا ہے۔یہ ہمارے لئے ایک چیلنج بن چکا ہے۔ اگر ہم ملک کو ٹھیک نہ کرسکے تو خونی انقلاب آئیگا کیونکہ مفاد پرست سیاستدانوں نے اس کے حالات پیدا کردئیے ہیں۔ وفاق دن دہاڑے خیبر پی کے کی ہر روز 500 میگاواٹ بجلی چوری کررہا ہے۔ وفاقی وزیر سے اس حوالے دس مرتبہ میٹنگ ہوچکی ہے جس دن یہ مسئلہ حل ہوگیا اس روز ہزارہ ڈویژن سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائیگا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ سی پیک پر سیاست نہیں ہونی چاہئے۔ ہم سی پیک کے سنٹر روٹ کی مکمل سپورٹ کرتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم مغربی روٹ پر اپنے موقف اور حق کو تسلیم نہ کرنے پر پیچھے ہٹ جائیں گے۔