جرمن شہر راشٹاٹ میں بم حملے کی دھمکی، میٹرو سٹیشن خالی کرا لیا گیا
برلن (اے پی پی) جرمنی کے جنوب مغربی شہر راشٹاٹ کے ایک میٹرو سٹیشن میں بم حملے کی دھمکی موصول ہونے کے بعد سٹیشن کو خالی کرا لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جرمن پولیس کا کہنا ہے کہ جرمنی کے شہر راشٹاٹ کے ایک میٹرو سٹیشن پر بم حملے کی دھمکی ملنے کے بعد سٹیشن کو مسافروں سے خالی کرا لیا گیا اور سکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے سٹیشن کو اپنے محاصرے میں لے لیا ۔جرمن پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھمکی کے بعد کسی بھی طرح کی کوئی مشکوک چیز یا نقل وحرکت دیکھنے کو نہیں ملی۔ دریں اثناء جیل میں خودکشی کرنے والے ملزم جابر البکر کی موت نے اس کے دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق تحقیقات کو مشکل بنا دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق برلن میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے چانسلر مرکل کے ترجمان سٹیفن زائبرٹ نے کہا کہ ملزم کی خودکشی کی وجہ سے تفتیش کاروں کا کام متاثر ہو گا۔جابر البکر نے گزشتہ بدھ کی شام مشرقی جرمن شہر لائپزگ کی ایک جیل کی کوٹھڑی میں پھانسی لے لی تھی۔ حکام کو توقع تھی کہ اس ملزم سے جرمنی میں شدت پسند تنظیم داعش کے نیٹ ورک سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کی جا سکیں گی۔