گوجرانوالہ :سفید چھڑی کے عالمی دن پر واک ،حافظ آباد میں تقریب
گوجرانوالہ+حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت)حکومت نابینا افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنانے اور بینائی سے محروم تعلیم یافتہ اور ہنر مند افراد کو مختلف محکموں میں روزگار فراہم کرنے کے لئے انتہائی موثر اقدامات کررہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر طارق قریشی نے سفید چھڑی کے عالمی دن پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈی او سوشل ویلفیئر رانا محبوب احمد‘ سوشل ویلفیئر افسر زبیر احمد اور دیگر محکموں کے افسران اور مختلف اداروں میں زیر تعلیم نابینا بچوں اور افراد نے شرکت کی،ڈی او سوشل ویلفیئر رانا محبوب نے بتایا کہ ضلع بھر میں 28 نابینا افراد کو ای ڈی او زراعت ‘ ای ڈی او ہیلتھ ‘ ای ڈی او ایجوکیشن‘ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز‘ ڈی او روڈز گوجرانوالہ میڈیکل کالج‘ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ‘ واسا‘ سمال ہولڈر ڈیری ڈویلپمنٹ آفس‘ بہبود آبادی‘ کمشنر آفس اور بنک آف پنجاب میں ملازمتیں فراہم کی جاچکی ہیں۔