• news

بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر پھر بلااشتعال فائرنگ‘ پاک فوج کا منہ توڑ جواب

راولپنڈی (صباح نیوز+ نیٹ نیوز) بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر کے کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کی گنیں خاموش کرا دیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اتوار کو علی الصبح لائن آف کنٹرول کے ضلع بھمبر کے علاقے کھوئی رٹہ سیکٹر میں بھارتی فورسز نے بلا اشتعال فائرنگ کی۔ فائرنگ کا سلسلہ اتوار کی صبح ساڑھے 4 بجے شروع ہوا جو7 بجے تک جاری رہا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا فائرنگ کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں جبکہ پاک فوج کی جانب سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔ ادھر بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی فوج کی فائرنگ سے راجوڑی سیکٹر میں ایک بھارتی فوجی ہلاک ہوگیا۔

ای پیپر-دی نیشن