• news

عمران دھمکیوں کا شوق پورا کر رہے ہیں‘ بلاول بھی کر لیں: محمد زبیر‘ کامیاب ریلی پر مبارکباد ہر بار بھٹو کے نام پر ووٹ نہیں ملیں گے: طلال

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے بلاول بھٹو کے مطالبات پر کہا ہے کہ پی پی کے پانامہ لیکس سے متعلق بل پر ہمارے تحفظات ہیں۔ پی پی کا بل ایک شخصیت سے متعلق ہے جو دنیا میں کہیں نہیں ہوتا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ توڑپھوڑ اور دھمکیوں کی سیاست صحیح نہیں۔ پی پی اور پی ٹی آئی کی سیاست میں یہی فرق ہے۔ عمران خان اپنا شوق پورا کر رہے ہیں‘ بلاول بھی کرلیں۔ آج کی ریلی اچھی تھی، اس پر مبارکباد دیتے ہیں۔ وزیراعظم نوازشریف کا خارجہ امور میں اچھا تجربہ ہے۔ سرتاج عزیز اور طارق فاطمی کا خارجہ امور کا بڑا وسیع تجربہ ہے۔ بلاول اتنے میچور نہیں مگر دو تین مہینوں سے اچھی سیاست کررہے ہیں۔ بات چیت سے ہی معاملات آگے بڑھتے ہیں۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ سی پیک کو آگے لیکر جائیں۔ پارلیمانی جمہوریت پر یقین رکھنے والوں سے بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ پانامہ لیکس کے معاملے پر تحفظات ہونے چاہئیں تاکہ ہمارا نام کلیئر ہو جائے۔ ہمیں خوف نہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات ہوں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ کاش بلاول بھٹو ریلی کے راستوں سے کچرا ہی اٹھوا لیتے۔ مراد علی شاہ لیڈرشپ کو خوش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی پی صرف سندھ کی پارٹی بن کر رہ گئی ہے۔ بھٹو کے نعرے لگانے سے کچھ نہیں ہوگا، ووٹ لیکر دکھائیں، سی پیک کا سب سے زیادہ فائدہ سندھ کو ہی ہوگا۔ مشیرخارجہ کے پاس وزیر کے تمام اختیارات ہیں۔ سی پیک سے متعلق وزیراعظم کی زیرصدارت کمیٹی میں تمام وزیراعلیٰ شامل ہیں۔ خارجہ امور سے متعلق تمام امور پر اپوزیشن کی رائے لی جاتی ہے۔ بلاول مشورہ دیں پارٹی کے کارنامے دیکھیں۔ پنجاب سے تو ووٹ لے نہیں پائے‘ یہ نہ ہو سندھ بھی جائے‘ ہر بار بھٹو کے نام پر ووٹ نہیں ملے گا۔
زبیر/ طلال

ای پیپر-دی نیشن