2 نومبر کو دھرنے کی تجویز : کارکن 100 روپے چندہ دیں‘ آج لائحہ عمل دونگا : عمران
لاہور (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) تحر یک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد میں احتجاج کیلئے فنڈز جمع کرنے کا آغاز کر دیا ‘کارکنوں کو بنک‘ ایزی پیسہ اور آن لائن چندہ جمع کروانے کی اپیل کر دی۔ عمران خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنے ویڈیو پیغام میں پارٹی کے لوگوں کو اپیل کی گئی وہ کم ازکم 100روپے تحریک انصاف کے احتجاج میں شرکت کیلئے آنیوالوں کو کھانے پینے اور دیگر اشیائ کی فراہمی کیلئے فنڈز دیں۔ ہم ملک میں کرپشن کے خاتمے کی جنگ لڑ رہے ہیں کیونکہ نوازشریف نے اپنی کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے تمام اداروں کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف اب اس وقت تک اسلام آباد میں بیٹھے گی جب تک نواز شریف استعفیٰ نہیں دیتے یا خود کو احتساب کیلئے پیش نہیں کرتے۔ تحریک انصاف احتساب کے مطالبے سے کسی بھی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔ دریں اثنائ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی طرف سے اسلام آباد دھرنے کی تاریخ تبدیل کرکے 2 نومبر کو شہر اقتدار بند کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاہم اس بات کا حتمی فیصلہ (آج) پیر کو پارٹی کے اجلاس میں کیا جائیگا۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ آج پریس کانفرنس میں لائحہ عمل کا اعلان کرینگے۔ ذرائع کے مطابق کور کمیٹی نے تیس اکتوبر کو اسلام آباد کرنے کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے دو نومبر کی تاریخ رکھنے کا فیصلہ کیا جبکہ حکومت مخالف دھرنا کیلئے جگہ کا تعین آج کے مشاورتی اجلاس میں کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھرنا دینے کیلئے زیرو پوائنٹ یا فیض آباد کا انتخاب کیا جائے گا۔ جہانگیر ترین نے بھی عمران خان سے ملاقات کی ملاقات میں اسلام آباد کو بند کرنے کے حوالے سے حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا عمران خان 28 اکتوبر کو لال حویلی کے باہر جلسے سے خطاب کریں گے۔