انٹر سکولز کالجیٹ گیمز، خصوصی اجلاس کل ہوگا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) ساتویں انٹرسکولز و کالجیٹ کھیلوں کو حتمی شکل دینے کے لیے خصوصی اجلاس کل نشتر سپورٹس کمپلیکس کے جمینزیم ہال میں منعقد ہوگا۔ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ کے مطابق اجلاس میں سکولوں اور کالجوں کے نمائندوں کے علاوہ صوبائی کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کے سیکرٹریز کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یکم سے 5 نومبر کو منعقد ہونے والی گیمز کی فل ڈریس ریسل 31 اکتوبر کو ہوگی۔ گیمز کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل آصف سعید منہیس جبکہ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی نیئر اقبال سیکرٹری سپورٹس پنجاب ہونگے۔