غسل کعبہ کی تقریب آج ہو گی، غلاف میں کشیدہ کاری کی 4 نئی پٹیوں کا اضافہ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) حج سیزن کے اختتام پر دنیا بھر سے آئے حاجیوں کی واپسی مکمل ہونے اور نئے ہجری سال کے آغاز کی مناسبت سے کعبۃ اللہ کو غسل دینے کی تقریب آج بروز پیر منعقد ہو گی، خادم حرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل دیگر معززین کے ہمراہ کعبہ کو عرق گلاب اور آب زم زم سے غسل دیں گے۔ دریں اثناء مسجد الحرام کی انتظامیہ نے نئے غلاف کعبہ کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے اس میں کشیدہ کاری کی چار نئی پٹیوں کا اضافہ کیا ہے۔ یہ چار پٹیاں حجر اسود کے اردگردگولائی میں‘ کعبہ کے جنوب مغربی کونے رکن یمانی پر اوپر سے نیچے اور گولائی میں اس کے علاوہ میزاب رحمت (کعبہ کے پرنالے ) کے قریب لگائی گئی ہے۔