بھارت نے پاکستان کیخلاف سیاسی ایجنڈا کیلئے سارک پلیٹ فارم کو استعمال کیا: رضا ربانی
اسلام آباد (صباح نیوز) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے مالدیپ کی مجلس شوری کے سپیکر عبداللہ محمدکو بھارت کی جانب سے اسلام آباد میں سارک سربراہ کانفرنس کو سبوتاژ کرنے سے آگاہ کر دیا۔ سارک پر مستقبل میں دوبارہ اس قسم کی ممکنہ اجارہ داری کو روکنے کیلئے دیگر رکن ممالک کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ میاں رضاربانی نے واضح کیا بھارت نے اپنے سیاسی ایجنڈے کیلئے پاکستان کے خلاف سارک کے پلیٹ فارم کو استعمال کیا۔ سارک کے دیگر رکن ممالک بھارتی اجارہ داری کے خلاف اپنا کردار ادا کریں اور سارک کے مقاصد کے حصول کیلئے یہ اہم ہے کہ سارک پر کسی ملک کی اجارہ داری کو قائم نہ ہونے دیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سینٹ نے مالدیپ کی مجلس شوری کے سپیکر سے سینٹ کے وفد کے ہمراہ ملاقات میں کیا۔ انہوں نے مالدیپ کے سپیکر کو بھارتی فوج کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور معصوم عوام کے خلاف پیلٹ گن کے استعمال کے ذریعے ان کی آنکھوں کی بینائی چھیننے کے مظالم سے بھی آگاہ کیا۔ چیئرمین سینٹ نے کہا مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کو 90 دن ہو گئے ہیں۔ چیئرمین سینٹ نے مالدیپ کے سپیکر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دے دی ہے۔