نوازشریف سے کہا وفاق کمزور مت کرو، آج یہ خطرے میں نظر آرہا ہے:خورشید شاہ
چارسدہ (ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہمار ی سیاست کا محوراس ملک سے غربت کا خاتمہ کرنا ہے ، میاں صاحب آپ پختونخوں کو حقوق نہیں دے رہے ، میاں صاحب سے کہا تھا کہ وفاق ہماری طاقت ہے اسے کمزور مت کرو آج مجھے وفاق خطرے میں نظر آرہا ہے ، بلاول بھٹو چارسدہ کے عوام کے ہاتھ میں پیپلزپارٹی کا جھنڈا دیکھنا چاہتے ہیں ، یہاں کے نوجوان بلاول بھٹو کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کریں گے، چارسدہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور ملک سے غربت کا خاتمہ ہے ، ہم صرف باتیں نہیں کرتے بلکہ کام کر کے دکھاتے ہیں۔ پیپلزپارٹی نے ملازمین کی تنخواہوں میں 125فیصد اضافہ کیا اور خیبرپی کے کو اپنی شناخت دی ، ہماری حکومت نے اس صوبے کو خودمختار بنایا۔ لاہور میں بنائی جانے والی اورنج ٹرین کے لئے 200ارب روپے مگر غریب پختونخوں کے لئے ایک ارب روپے بھی نہیں، میاں صاحب آپ پختونخوں کو حقوق نہیں دے رہے آپ کو تمام صوبوں کو حقوق دینے پڑیں گے، سارے ترقیاتی کام صرف لاہور میں ہو رہے ہیں۔ ساڑھے تین سال میں 7ہزار ارب روپے قرضہ لیا گیا، ہم نے کسانوں کو خوشحال بنایا مگر حکومت نے برباد کر دیا ، کسان آج اپنے آلو اور ٹماٹر سمیت تمام فصلیں جلانے پر مجبور ہیں۔ بادشاہوں کو کسانوں کی کوئی پرواہ نہیں، صرف نعرے لگانے سے تبدیلی نہیں آتی عملی طور پر ثابت کرنا پڑتا ہے۔ بے نظیر نے عوام سے کیے وعدے پورے کیے تھے شہید ذوالفقار بھٹو نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا مگر زندگی نے وفا نہ کی لیکن پھر بھی تھوڑے سے وقت میں انہوں نے بہت کچھ ثابت کر کے دکھایا۔ ہم بلاول بھٹو کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کریں گے ملک کی واحد پارٹی پاکستان پیپلز پارٹی ہے جن کی سوچ فلسفہ نظریہ اور سیاست صرف اس ملک کے غریب مزدور کسان نوجوان کے ساتھ جڑی ہوئی ہے ہماری سیاست کا محور اس ملک سے غربت کا خاتمہ کرنا ہے ہر بات میں آپ کو دیکھ کر نہیں کہنا چاہتا۔ بلاول بھٹو چارسدہ کے عوام کے ہاتھ میں پیپلز پارٹی کا جھنڈا دیکھنا چاہتے ہیں امید ہے یہاں کے نوجوان بلاول بھٹو کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کریں گے۔ یہاں پہلے نعرے لکھے ہوئے تھے کہ ہمیں اپنی پہچان واپس کرو صوبے کو خود مختار بنائو ہمیں حقوق دو آج یہ نعرے نطر نہیں آئیں گے ہاں آپ کو یہ ضرور لکھا نظر آئے گا کہ بجلی کی قیمتیں کم کروگیس کی قیمتیں کم کرو مہنگائی بیروزگاری کو کم کرو میں جانتا ہوں کہ غریب ملازمین کی تنخواہیں کتنی بڑھی ہیں مجھے پتا ہے مزدور کو کتنا قانونی حق دیا گیا ہے۔ خورشید شاہ نے اپنے اثاثہ جات کی تفصیلات الیکشن کمشن میں جمع کرا دی ہیں۔ الیکشن کمشن نے تفصیلات جمع نہ کرانے پر قومی اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی تھی۔